عورت پر کن کن سے پردہ لازم ہے؟
سوال ]۱۰۶۱۸[: کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں : کہ(۱) عورت کو اپنے حقیقی ماموں زاد، خالہ زاد، پھوپھی زاد بھائی سے پردہ کرنا چاہئے یا نہیں ؟ جبکہ وہ بالغ ہیں وہ نامحرم ہیں یا محرم؟
(۲) عورت کو اپنے بھائی کی سسرال والوں یعنی بھابھی کے باپ اور بھائی سے جو کہ بالغ ہیں پردہ کرنا چاہئے یا نہیں ؟
(۳) عورت کو اپنے بہنوئی سے جو کہ بالغ ہے پردہ کرنا چاہئے یا نہیں ؟
(۴) نندوئی سے پردہ کرنا چاہئے یانہیں ؟ آج کل عورتیں صرف جو اپنے شوہر کا بڑا بہنوئی ہے،اس سے پردہ کرتی ہیں اور جو نندوئی اپنے شوہر سے چھوٹا ہے ؛ حالانکہ وہ بھی بالغ ہے پردہ نہیں کرتیں ، کیا یہ طریقہ شرعًا صحیح ہے؟
(۵) دیور جو کہ بالغ ہے پردہ کریں یانہیں ؟
(۶) کسی دور کے رشتہ دار سے ماموں ، خالو، پھوپھا، چچا، تایا وغیرہ سے پردہ کریں یا نہ کریں ؟ شرعی حکم کیا ہے؛ جبکہ وہ بالغ ہیں ۔
(۷) اپنی دیورانی، جٹھانی کے گھر والوں سے ان کے باپ اور بھائی سے یا کسی رشتہ دار سے پردہ کرنا چاہئے یا نہیں ؟جو کہ بالغ ہیں ، کہتی ہیں کہ ان کا بھائی ہمارا بھائی ہے کیا یہ صحیح ہے؟
(۸) عورت کو اپنے میکہ میں مسلم وغیر مسلم سبھی سے پردہ کرنا چاہئے، پورے گاؤں کے لوگ محرم ہیں یانامحرم؟
(۹) جیٹھ اور سسر سے پردہ ہے یا نہیں ؟
.5المستفتی.5: .5ظریف احمد صدیقی، مخمول پور، کاندھلہ ، مظفر نگر
باسمہ سبحانہ تعالیٰ
الجواب وباللّٰہ التوفیق: (۱) ماموں زاد، خالہ زاد، پھوپھی زاد بھائی نامحرم ہیں ، ان سے پردہ لازم ہے، ان کے ساتھ تنہا سفر کرنا بھی مشروع نہیں ہے۔ (مستفاد: معارف القرآن ۶؍۴۰۳)
(۲) یہ سب غیر محرم ہیں ان سے پردہ لازم ہے۔
(۳) بہنوئی غیر محرم ہے اس سے بھی پردہ لازم ہے؛ البتہ بوقت ضرورت جبکہ فتنہ نہ ہو، تو چہرہ کھو لنے کی گنجائش ہے۔ (مستفاد: معارف القرآن ۶؍۴۰۲)
(۴) تمام نندوئی سے پردہ لازم ہے۔
(۵) بالغ دیور سے پردہ کرنا ضروری ہے، مگر جب ایک گھر میں پردہ کرنا دشوار ہو، توضرورت کی وجہ سے چہرہ کا پردہ معاف ہے، بشرطیکہ فتنہ کا اندیشہ نہ ہو۔ (مستفاد: معارف القرآن ۶؍۴۰۲)
حدیث میں ہے:الحمو الموت الحدیث۔ (صحیح البخاري، کتاب النکاح، باب لا یخلون رجل بإمرأۃ۲/۷۸۷، رقم: ۵۰۳۶، ف:۵۲۳۲)
(۶) ان سے پردہ شرعًا لازم ہے۔
(۷) یہ سب غیر محرم ہیں ، ان سے پردہ لازم ہے۔
(۸) نامحرم مسلم اور تمام غیر مسلموں سے پردہ واجب ہے، اسی کو وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاہِلِیَّْۃِ الْاُوْلَی ۔[الاحزاب:۳۳] میں فرمایا گیا ہے۔
(۹) سسر حقیقی محرم ہے، باپ کے درجہ میں ہے، اس سے پردہ نہیں ہے؛ البتہ جیٹھ غیر محرم ہے، مگر ایک گھر میں دشواری کی وجہ سے چہرہ کا پردہ معاف ہے، بشرطیکہ فتنہ کاخطرہ نہ ہو۔ (مستفاد: معارف القرآن ۶؍۴۰۲) فقط واﷲ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
کتبہ: شبیر احمد قاسمی عفا اﷲ عنہ
۱۱؍ صفر المظفر ۱۴۱۶ھ
(فتویٰ نمبر: الف۳۲؍۴۳۳۰)
الجواب صحیح:
احقر محمد سلمان منصورپوری غفر لہ
۱۱؍۲؍۱۶ ۱۴ھ
No comments:
Post a Comment